اسلام آباد،لاہور،مظفر آباد،سیالکوٹ،کوٹلی لوہاراں، پاکپتن،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ، کامرس رپورٹر،کرائم رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز،ڈسٹرکٹ رپورٹر،فیصل طور،ڈسٹرکٹ رپورٹر،فیصل منصور) بَلاچلے گا یا تیر، شیر دھاڑے گا یا ترازو کی ہوگی جیت، آزاد کشمیر کا انتخابی معرکہ آج ہوگا۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے الیکشن کیلئے پولنگ آج صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، پولنگ سامان کی ترسیل مکمل ہوگئی۔45 نشستوں کیلئے 32 لاکھ20 ہزار 546 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ مرد ووٹرز 17 لاکھ ، خواتین 14 لاکھ سے زائد ہیں۔32 سیاسی جماعتوں کے اور آزادسمیت کل742 امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ۔آزاد کشمیر کے 33 اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں میں پولنگ کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی۔آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے 45 حلقوں میں مردوں کے 1398 ،خواتین کے 1353 اور مشترکہ1992 سمیت کل 6139 پولنگ اسٹیشن قائم کئے ہیں۔826 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 1209 کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے پریزائڈنگ افسران سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے گئے ہیں ۔45 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکاربھی تعینات کئے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر پولیس کے پانچ ہزار،پنجاب پولیس کے 12 ہزار، اسلام آباد پولیس کے ایک ہزار ،خیبرپختونخوا پولیس کے 10 ہزار،3200رینجرز اہلکار،4 ہزار ایف سی کے جوان الیکشن ڈیوٹی دیں گے ۔چیف سیکرٹری آزاد کشمیر شکیل قادر خان نے کہا عام انتخابات پر 2 ارب روپے کے قریب اخراجات آئیں گے ،تمام سکیورٹی اہلکار پولنگ سٹیشنز کے باہر تعینات کئے ہیں۔ ایل اے 15 باغ میں مشتاق منہاس اور تنویر الیاس،لیپہ ویلی میں راجہ فاروق حیدراور دیوان علی چغتائی،ایل اے 16 شرقی باغ میں سردار میر اکبر اور قمر زمان ،میرپور میں بیرسٹرسلطان کا سعید چودھری ، ایل اے 25 میں شاہ غلام قادر، میاں وحید، گل خندان میں جوڑ پڑے گا۔مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 انتخابی حلقوں میں 122 امیدوارالیکشن میں شریک ہیں۔لاہورمیں دو نشستوں ویلی ٹو کشمیر اور جموں ون پر الیکشن ہوگا۔25 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، 14امیدوارمیدان میں ہیں۔ حلقہ 34 جموں ون میں تحریک انصاف کے امیدوار ریاض احمد،مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ناصر ڈاراور پیپلز پارٹی کے زاہد اقبال میں جوڑ پڑے گا۔ کشمیر ویلی ٹو میں8امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے غلام محی الدین دیوان ،مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اکرام بٹ ، پیپلز پارٹی کی جانب سے شبیر عباس میر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، دو نشستوں پر 9194 شہری حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لاہور توقیر احمد کی نگرانی میں پولنگ سامان کی ترسیل کروائی گئی۔سول لائنز ڈویژن لاہور میں ضلعی انتظامیہ ،پولیس اور پاک آرمی نے مشترکہ فلیگ مارچ کیاجس میں تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز ، پیرو سکواڈ نے شرکت کی ،فلیگ مارچ ریس کورس، شادمان، گورنر ہاؤس ،پرانی انارکلی، لٹن روڈ، چوبرجی کوارٹرز،شالیمار، جی ٹی روڈ ،لنک روڈ گجر پورہ سے ہوتا گورنر ہاؤس پر اختتام پذیر ہوا ، ایس پی سول لائنز رضا صفدر کاظمی اور AC سٹی فیضان احمد نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،ووٹ کاسٹ کیلئے آنے والے شہریوں کو چیکنگ کے بغیر ہرگزپولنگ سٹیشن میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ایل اے 36 جموں 3 سیالکوٹ میں بڑا مقابلہ مسلم لیگ کے امیدوار سابق وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق اور پی ٹی آئی کے امیدوار صاحبزادہ حامد رضا کے درمیان ہو گا،حلقے میں62 پولنگ سٹیشن قائم کردیئے گئے ۔کل10امیدوارمیدان میں ہیں جبکہ کل93ہزار 302ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر ینگے ۔ ایل اے 36جموں 3سیالکوٹ شہر سمیت تحصیل کے تمام دیہی علا قوں پر مشتمل ہے ۔پاکپتن میں گورنمنٹ گرلز کالونی ایریا ہائی سکول میں پولنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے ، ڈپٹی کمشنر رانا شکیل اسلم نے پولیس ، ریسکیو1122 ، صحت ،میونسپل کمیٹی ، چیف آفیسرز کو ذمہ داریاں تفویض کر دیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن میں رہائش پذیر44ہزار900 مہاجرین بھی وادی کی 2 اور جموں کی ایک سیٹ پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ حلقہ ایل اے 43 ویلی 4, حلقہ ایل اے 44 ویلی 5 اور حلقہ ایل اے 45 جموں 6 میں 34امیدوار میدان میں ہیں۔ حلقہ ایل اے 43 ویلی 4 میں تحریک انصاف کے جاوید بٹ، مسلم لیگ ن کی نسیمہ وانی اور پیپلز پارٹی کے حمزہ مجید نظامی، حلقہ ایل اے 44 ویلی 5 میں تحریک انصاف کے بشیر احمد خان، مسلم کانفرنس کی مہرالنسا،مسلم ن کے محمد احمد رضا قادری ، پیپلز پارٹی کے ارشد اسلام سمیت 13 امیدواروں جبکہ حلقہ ایل اے 45 جموں 6 میں تحریک انصاف کی نازیہ نیاز، مسلم لیگ ن کے راجہ صدیق اور پیپلز پارٹی کے چودھری فخر زمان سمیت 13 امیدواروں میں جوڑ پڑے گا۔