اسلام آباد(این این آئی،آن لائن)صدر مملکت عارف علوی سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام جلد لانے کے اقدامات اور سمندر پار پاکستانیوں کیلئے الیکشن میں حصہ لینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صدرمملکت نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی ترقی کے اہم سٹیک ہولڈر ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فیصلہ سازی اور پالیسی بنانے کے عمل کا شراکت دار بنانا ضروری ہے ۔صدرمملکت نے وزارت پارلیمانی امور میں بابر اعوان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام مستقبل میں شفاف ترین انتخابات کی راہ ہموار کرے گا، موجودہ حکومت منشور اور عوام کی خواہش کے مطابق انتخابی اصلاحات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹنگ اور انتخابی عمل کا حصہ بننے کی راہ ہموار کریں گے ۔ ادھرصدرمملکت سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر نے ملاقات کی۔ آڈیٹر جنرل نے صدرمملکت کو اے جی پی آفس کی کارکردگی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ادارے کی استعداد کار میں بہتری لانے کے اقدامات پر بریفنگ دی ۔اس موقع پرصدر عارف علوی نے کہا کہ آڈیٹر جنرل ادارے کے اندر موجود خرابیوں کو دور کرنے کیلئے ایک ماہ میں روڈ میپ تیار کریں، معمولی مسائل میں اْلجھنے کی بجائے ادارے میں موجود شدید بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جائے ۔ آڈیٹر جنرل ادارے میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کریں اور قابل عمل حل تجویز کریں ۔انہوں نے کہا کہ آڈٹ آٹومیشن کے عمل کو تیزی سے مکمل کریں تاکہ ادارے میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے ۔