ملتان (خبر نگار)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ گرفتاریاں اپوزیشن کا کام آسان کر رہی ہیں، پہلے آصف علی زرداراور اب حمزہ شہباز کو گرفتار کر لیا گیا، عام حالات میں اس طرح کی گرما گرمی نہ ہوتی،ناکام بجٹ سے توجہ ہٹانے کے لئے گرفتاریاں کی جارہی ہیں ، مدرسہ قاسم العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت پر لوگ کہتے ہیں کہ حکومت ڈوب رہی ہے ،میں کہتا ہوں ریاست ڈوب رہی ہے ، ریاستی ادارے حکومت کی پشت پناہی چھوڑ دیں،حکومت پر کوئی ایک روپے کا اعتماد کرنے کو تیار نہیں،یہ نااہل حکومت ہے جو اپنی نااہلی سے ملک کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے ،بہت ہو چکا دہشت گردی کے نام پر جو بیانیہ بیچا گیا اس کو بند کر دیں۔ امریکہ کی طرح ہماری اسٹیبلشمنٹ بھی ہر جگہ اپنی فوج بھیجنا چاہتی ہے ، 19 جون کو مجلس شوری کا اجلاس اور رواں ماہ کے آخر میں اے پی سی بلائی جائے گی ، اختر مینگل کو ایک دھکا لگے گا تو وہ اپوزیشن میں ہوں گے ،پاکستان کو ازسر نو بیانیہ تشکیل اورمعیشت کے حوالے سے ایک قومی ایکشن پلان ترتیب دینا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کے خلاف طاقت کا استعمال کوئی علاج نہیں۔