پشاور(نیٹ نیوز)دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنا کافی مشکل ہوگیا ہے اور دن بہ دن وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔پاکستان انٹرٹینمٹ انڈسٹری کی جانب سے وائرس کے پھیلاؤ اور لوگوں کی مدد کرنے کے حوالے سے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔چند روز قبل گلوکار جواد احمد کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے فرنٹ لائن میڈیکل سٹاف کو گانا گا کر خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔اب نوجوان اداکارہ یشمہ گِل بھی کورونا وائرس سے متعلق آگاہی پھیلانے کے میدان میں اتر آئی ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے ایک ریپ گانا گایا ہے ۔اداکارہ یشمہ گِل کے کورونا وائرس سے آگاہی کے لیے گائے جانے والے ریپ کی سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچی ہوئی ہے ۔یشمہ گِل کے گانے کو مداحوں کی جانب سے کافی پسند بھی کیا جا رہا ہے جب کہ چند صارفین نے اس پر تنقید بھی کی۔