لاہور( شوبز ڈیسک) سینئر اداکار ذوالقرنین حیدر نے لیجنڈری اداکارہ نگہت بٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا المیہ ہے کہ ہم جیتے جی لوگوں کی قدر نہیں کرتے اور ان کے دنیا سے چلے جانے کے بعد تعزیتی ریفرنسز کے انعقاد پر لاکھوں روپے خرچ کر دیتے ہیں، نگہت بٹ اپنے شوہر خالد بٹ کے انتقال کے بعد انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کر رہی تھیں اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اطلاعات سے ان کی مدد کی اپیل بھی کی تھی ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ لیجنڈری اداکارہ کے انتہائی کسمپرسی کی حالت میں دنیا سے رخصت ہو جانے پر دل بہت دکھی ہے ۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت سینئر فنکاروں کے لئے کچھ نہیں کرتی تو ہمیں سب کو اپنے طو رپر عملی اقدامات کرنے چاہیں۔