کراچی (کلچرل رپورٹر) ماڈل و اداکارہ فارس علی نے کہا ہے کہ سینئر فنکار فردوس جمال صرف پاکستان کے ہی نہیں بلکہ برصغیر کے نامور فنکار ہیں جنہوں نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا انہوں نے صرف اپنی رائے کا اظہار کیا تھا، اس پر انڈسٹری کے لوگوں کا اتنا واویلا مچانا درست نہیں ۔ نمائندہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فارس علی کا کہنا تھا کہ سوال یہ اٹھتا ہے کہ ایم ڈی پروڈکشن کو یہ حق کس نے دے رکھا ہے کہ وہ سینئر فنکاروں یا کسی بھی فنکار کا بائیکاٹ کرے یا کرنے کا کہے ، اگر مومنہ درید میں ذرا بھی شرم اور حیا باقی ہے تو ان نوے فیصد ہدایتکار، پروڈیوسر اور پروڈکشن ہاؤسز کے خلاف بات کریں اور ان کا بائیکاٹ کریں جو ہر لڑکی کو کام دینے کے بہانے غیرمناسب ڈیمانڈ کرتے ہیں اور نا صرف کرتے ہیں بلکہ مجبور کیا جاتا ہے ۔ یہ ایک لابی سسٹم ہے ، اگر اس کا حصہ نہیں بنا جاتا توانڈسٹری میں کہیں کام نہیں ملتا۔ مجھے بھی کئی ایسی آفرز مل چکی ہیں، 30 لیڈ کریکٹر زکی آفر میں نے ٹھکرائی ہیں کیونکہ مجھے کسی بھی غیر مناسب ڈیمانڈ پر کام نہیں چاہئے ۔فردوس جمال اور ماہرہ خان میں فرق یہ ہے کہ فردوس جمال نے پاکستان کا نام روشن کیا تھا جبکہ ماہرہ خان ان لوگوں میں سے ہیں جو بھارت میں کام کرنے کے لئے بھیک بھی مانگ لیں ۔