لاہور،کراچی ( سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ) صدرمسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافے کی شدید مذمت اور واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔اپنے ٹویٹ میں قائد حزب اختلاف نے کہا نالائقی، بدنیتی اور بدعنوانی کی بڑی بھاری قیمت ہے جو بدقسمتی سے عوام روزانہ کی بنیاد پر چکا رہے ہیں ۔حکومت نے کینسر کے مریضوں کی مفت ادویات تک بند کردیں، مفت علاج، ٹیسٹ اور دوائی سے غریب عوام کو محروم کیا،مہنگائی عروج پر ہے ، بجلی ،گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ،کہاں گئے وہ دعوے کہ عوام پر خرچ کریں گے ؟ عوام کی جیب پر روز ڈاکہ ڈالا جارہا ہے ،حکومت مریضوں پر ظلم بند کرے ۔احتساب عدالت کراچی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے چیئرمین نیب شاید ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ ے فیصلے نہیں پڑھ سکتے ،اسی وجہ سے ان کو کچھ پتہ نہیں، نیب لوگوں کی زندگیاں تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے ، نیب صرف سیاستدانوں کے خلاف کیس کرتاہے ،صوبہ بنانے کی بات ایوان میں ہونی چاہئے ، ملاقات چھپانے کی کوئی بات نہیں، خوامخواہ اسے اچھالا جارہا ہے ،ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی نہ ایوان میں،چودھری نثار کی واپسی کا پتہ نہیں لیکن موسم بدل رہا ہے ، نواز شریف نے حقائق بیان کئے ، ہائبرڈ ماڈل ناکام ہو چکا،فیٹف پر7 بل ہماری ترامیم کے مطابق پاس ہوئے ۔