اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کے لئے انعامات دینے کا پلان مرتب کیا جائے ، کم منتقلی والا سیزن پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے موزوں ترین وقت ہے اور ہم سب کو مل کر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی انسداد پولیوکے لئے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،پولیو ورکرز جو دور دراز اور مشکل علاقوں تک پہنچتے ہیں قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں جس کے لئے وہ خصوصی تعریف کے مستحق ہیں۔ وزیر اعظم نے چیف سیکرٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ پولیو ورکرز کی ہراسگی یا ان پر حملوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی ذمہ داری لے ۔ وزیر اعظم نے کہا بچوں کی عمومی بچاؤ کے ٹیکوں اور انسداد پولیو مہم کو ساتھ ساتھ چلایا جائے ،نئی قسم اومیکرون کے پیش نظر کورونا کے خلاف ویکسی نیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے ۔ وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ایوب خان آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کے نظام کو مؤثر اور فعال بنانے کی ہدایت کی اور کہا سمندر پار پاکستانی جو ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، کی فلاح و بہبود کویقینی بنایا جا ئے ۔وزیراعظم سے وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے ملاقات کی ۔ملاقات میں ملک میں کھاد کی پیداوار کی استعداد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے ملک میں آلودگی سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا اگرچہ آلودگی ایک خاموش قاتل ہے لیکن ماحول کو بچانا ماضی کی حکومتوں کی ترجیح نہیں رہی لیکن اب اس سلسلے میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔عمران خان نے بڑے شہروں کوآلودگی سے بچانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا اس کی بہت بڑی سماجی اور اقتصادی قیمت ہے ۔انہوں نے کہا جس طرح ترقی یافتہ ممالک جدید ٹیکنالوجی کی طرف منتقل ہوئے ، اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنا چاہئے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ملک کے تمام میٹروز کے لئے نئی الیکٹرک بسیں ہونی چاہئیں،ہمیں صنعتی یونٹوں کو شہروں سے باہر منتقل کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ترغیب دینی چاہئے ۔اس موقع پر وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو سموگ کنٹرول کی جامع پالیسی جلد از جلد اپنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے ایئر کوالٹی کنٹرول کا مضبوط نظام لگانے ، اینٹوں کے بھٹوں اور سٹیل کی بھٹیوں جیسے بڑے صنعتی یونٹس کو موثر پابندیوں کے ساتھ شہروں سے باہر منتقل کرنے اور معیاری ایندھن کے استعمال کی ترغیب دینے اور گاڑیوں کو بتدریج الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم سے چیئرمین جوائنٹ جیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور ڈی جی سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے بھی ملاقات کی ۔