لاہور(کلچرل رپورٹر)معروف دانشور جمیل الدین عالی کی 5 ویں برسی گزشتہ روز منائی گئی ۔معروف ادیب، شاعر، دانشور، نقاد، کالم نگار ڈاکٹر جمیل الدین عالی 20 جنوری 1925ء کو دہلی کے ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے بیک وقت شاعر، ادیب، محقق، کالم نگار کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کے دادا غالب کے شاگردوں میں شامل تھے ۔ جمیل الدین عالی کے والد شاعر جبکہ والدہ کا تعلق اردو کے مشہور شاعر میر درد کے خاندان سے تھا۔ وہ کئی سال تک اردو ڈکشنری بورڈ کے سربراہ رہے ۔جمیل الدین عالی کے اردو ادب کی مشہور کتابوں میں اے میرے دشت سخن، جیوے جیوے پاکستان، لاحاصل اور نئی کرن شامل ہیں ۔جمیل الدین عالی نے سن 1965ء کی جنگ میں ’’ اے وطن کے سجیلے جوانوں سمیت وطن عزیز کے لیے کئی ملی نغمے لکھے ۔ انہیں اردو ادب میں ان کی خدمات کے اعتراف میں سن 1991ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس اور سن 2004ء میں تمغہ امتیاز دیا گیا۔