ٹورنٹو، اونٹاریو، اسلام آباد، لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک، سپیشل رپورٹر ، آن لائن)اللہ اکبر اللہ اکبر، کینیڈین پارلیمنٹ اذان کی آواز سے گونج اٹھی ،اذان کے بعد ایوان میں کارروائی کا آغازہوا جس کے دوران پارلیمنٹ کے اراکین نے پاکستانی مسلمان خاندان پر ٹرک چڑھانے کے واقعے کو دہشتگردی قرار دے دیا۔ذرائع کے مطابق کینیڈین پارلیمنٹ کے اجلاس میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سلام کے ساتھ اپنی تقریر کا آغاز کیا اور ایوان میں اذان بھی دی گئی۔ پارلیمنٹ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ اونٹاریو کی مسجد میں دہشت گرد حملے میں شہید پاکستانی خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔ ہاؤس آف کامنز میں خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیراعظم نے کہا کہ یہ قتل کوئی حادثہ نہیں تھا، یہ ایک دہشت گرد حملہ تھا، جو ہماری برادریوں میں سے ایک کے دل میں نفرت کا نتیجہ تھا۔جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ اسلاموفوبیا اور نسلی تعصب ایک حقیقت ہے ،خطرات کا شکار کمیونٹیز کا تحفظ کیا جائے گا اور منافرت کا مقابلہ کریں گے ، دائیں بازو کے انتہا پسندگروہوں کو دہشتگردوں کی فہرست میں ڈالاجائے گا، ہم مل کرایکشن لیں گے اور اکٹھے آگے بڑھنے کا راستہ نکالیں گے ۔ تقریب میں مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ٹروڈو نے کہا کہ تین نسلوں کے قتل کے غم کوکم کرنے کیلئے الفاظ نہیں، ہمارے ایسے الفاظ نہیں کہ تکلیف اورکمیونٹی کے غم وغصے کوکم کرسکیں، اس معصوم بچے کے مستقبل کے حوالے سے الفاظ نہیں ، اس واقعے نے معصوم بچے کے مستقبل کو چھینا۔جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب بھی ایک حقیقت ہے لیکن آپ اکیلے نہیں ،ہم تمام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم کمیونٹی نے اس شہرکو مضبوط کیا، ہم آپ کے ساتھ ہیں، ہمارے درمیان یہ معاہدہ تھاکہ بطور کنیڈین ہم سب ایک دوسرے کا خیال رکھیں گے ، مسلم کینیڈینز کے لیے یہ معاہدہ کئی بار توڑا گیا۔دوسری جانب اونٹاریو کے شہر لندن میں شہید ہونے والے افراد کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں جبکہ متاثرہ خاندان سے اظہار یکجہتی کے لیے حادثے کی جگہ پر لوگوں نے پھول رکھے ۔اقوام متحدہ میں متعین پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ فرانس اور یورپ میں مسلمانوں کو سیاسی طاقت حاصل ہونی چاہیئے کہ وہ اپنے حقوق کا تحفظ کرسکیں، ہمیں اسلاموفوبیا کے مسئلہ کابڑے سوچ سمجھ کر توڑ کرنا چاہئے ۔ وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، رجب طیب اردگان اور مہاتیرمحمد نے جو پوزیشن لی ہے اس کا اثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ہم بین الاقوامی سطح پر کچھ نتائج نکال سکیں گے ۔کینیڈا میں پاکستانی خاندان کی ہلاکت پر مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع،قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کینیڈین وزیر خارجہ مارک گارنیو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ، کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے ساتھ المناک واقعے اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تدارک کے حوالے سے تبادلہ ٔ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا معصوم خاندان کو محض مسلمان ہونے کی بناء پر نشانہ بنانا، اسلاموفوبیا کی واضح مثال ہے ، کینیڈا سمیت عالمی برادری کو اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کے تدارک کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانا ہوں گے ،کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اس واقعہ پر جس مثبت ردعمل کا اظہار کیا اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں -کینیڈین وزیر خارجہ نے المناک واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے جامع تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔