لاہور(نمائندہ خصوصی سے )و زیر اعظم کی ہدایت پر اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے صوبے میں 223سہولت بازاروں کو مکمل فعال کر دیا ہے جہاں آٹا ، چینی اور دیگر اشیا رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔ یہ بات چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کے سلسلے میں روزانہ ہونے والے جائزہ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ،خوراک، صنعت کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹوسیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور کمشنر لاہور نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ سہولت بازاروں کے قیام کا مقصدعام آدمی کوریلیف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو اعتدال پر لانا بھی ہے ۔ چیف سیکرٹری نے سیکرٹری خوراک سے فلور ملوں کی مانیٹرنگ سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی۔