لاہور(وقائع نگار،92نیوز رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں انصاف میڈیسن کارڈ کا اجرا کر دیا۔وزیراعلی آفس میں انصاف میڈیسن کارڈ کے اجرا کی پروقار تقریب ہوئی۔وزیراعلیٰ نے ہیپاٹائٹس،ایڈز اور ٹی بی کے مریضوں میں انصاف میڈیسن کارڈ تقسیم کئے ۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری پرائمری وسکینڈری ہیلتھ،سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ انصاف میڈیسن کارڈ کے ذریعے ہیپاٹائٹس، ایڈز او رٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات کا آغاز کیاگیاہے ۔پہلے مرحلے میں ایڈز کے 9862 اور ہیپاٹائٹس 23560 اور ٹی بی کے 70047 مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔ مریضوں کی سہولت کیلئے آسان طریقہ کاروضع کیا گیا ہے ۔متعلقہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں اصل شناختی کارڈ کے ساتھ بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔ تشخیصی عمل مکمل ہونے پر مریض کو رجسٹرکر کے انصاف میڈیسن کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔ مریض کسی بھی متعلقہ سنٹر سے مفت ادویات لے سکے گا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے مدینہ کی ریاست بنانے کا جو عزم کیا ہے ہم تیزی سے اس کی جانب گامزن ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پنجاب کے ہر شہری کو حکومتی سطح پر مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی- یہ ہمارا عزم ہے اور ہم اس وعدے کو پورا کر کے دم لیں گے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے فیصل آباد کے علاقے جھنگ روڈ پر بچی کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ۔دریں اثنا انہوں نے وزیراعلیٰ آفس کے پی آر او سیکشن میں تعینات اسسٹنٹ گلریز احمد کے بڑے بھائی اور نوازشریف اورشہبازشریف کی والدہ کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہارکیااور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔