لاہور(نمائندہ خصوصی سے )متروکہ وقف املاک نے کروڑوں روپے مالیت کی پراپرٹی پر غیر قانونی قابضین کے خلاف آپریشن کیا،درجنوں مسلح افرادنے ٹرسٹ بورڈ اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور یر غمال بنا لیا ،پولیس نے موقع پر پہنچ کر اہلکاروں کی جان بچائی ، حملہ کرنے والے رانا احسن ودیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک ساہیوال ،پاکپتن یوسف نیازی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بہاولنگر روڈ قبولہ میں واقع 2کنال سے زائدرقبہ پر غیر قانونی قابضین کے خلاف آپریشن کر کے کئی سال سے قا ئم دکانوں اور گھروں کو سیل کرنا شروع کیا تو رانا احسن اور اسکے دیگر مسلح ساتھیوں نے ان پر حملہ کر دیا اور فائرنگ شروع کر دی ۔مسلح افراد نے دکانوں کو ڈی سیل نہ کرنے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جبکہ ٹرسٹ اہلکاروں کو زخمی بھی کر دیا۔ پولیس نے ایمرجنسی اطلاع ملنے پر اہلکارو ں کو بازیاب کرایا اور ٹرسٹ بورڈ کے انسپکٹر محمد جاوید کی مدعیت میں تھانہ قبولہ میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر یوسف نیازی کا کہنا ہے کہ رانا احسن نے کئی سال سے ٹرسٹ بورڈ کی قیمتی اراضی پر غیر قانونی دکانیں اور گھر تعمیر کر کے کرایہ پر دے رکھے تھے ، اس کو متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے جس کا اس نے کوئی جواب نہ دیا ۔ترجمان بورڈ کا کہنا ہے کہ چیئرمین کے احکامات کے مطابق ٹرسٹ پراپرٹی پر غیر قانونی قابضین اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری رہے گا ۔