کراچی (ایس ایم امین)ٹنڈومحمدخان میں محکمہ لائیوسٹاک سندھ کی ملکیت 2ہزار483 ایکڑپرمشتمل سندھ کیٹل فارم کی اڑھائی ارب روپے مالیت کی اراضی پر بااثر سیاسی خاندان نے قبضہ کرکے ذاتی جاگیربسالی، حکومت سندھ نشاندہی کے باوجود 23 برس سے معاملے کونظراندازکرتی رہی،چیف سیکرٹری سندھ کے نوٹس لینے اور قبضہ واگزارکرانے کی تحریری ہدایت پرکھلبلی مچ گئی۔آڈیٹرجنرل آف پاکستان کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ قبضہ گروپوں کی سرپرستی کرنے والوں میں ڈپٹی کمشنرز، ریونیوافسران بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قبضے کی نشاندہی کے باوجود سندھ حکومت کے مختلف محکمے کارروائی کودانستہ سرد خانے کی نذرکرکے سرکاری خزانے کومالی نقصان پہنچانے کے ذمہ دارہیں ۔ بااثرخاندان نے سرکاری اراضی پر عالیشان بنگلے اور کاروبار کیلئے گودام قائم کر رکھے ہیں۔محکمہ ریونیو سندھ کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق ٹنڈو محمد خان میں سندھ کیٹل فارم کی زمین کا ریکارڈ موجود نہیں۔ اراضی واگزارکرانے کے سخت احکامات پرضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ صوبائی اداروں میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔