کوئٹہ،اسلام آباد،لاہور،سکھر(نیوز ایجنسیاں، نامہ نگار خصوصی،بیورو رپورٹ) احتساب عدالت کوئٹہ نے ریکوڈک منصوبے سے متعلق نیب کے ریفرنس کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 25 ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ نیب نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کے ریفرنس میں حکومت بلوچستان کے سابق افسروں اور بین الاقوامی کمپنیوں کو نامزد کیا ہے ۔ ریفرنس میں نامزد ملزمان میں بلوچستان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق چیئرمین محمد فاروق، محکمہ کان کنی کے سابق اے جی ایم محمد طاہر، سابق سیکرٹری مقبول احمد، بلوچستان بورڈ آف ریونیو کے سابق سیکرٹری شیخ عظمت اﷲ، سینئر رکن شہباز خان مندوخیل، بلوچستان کے سابق سیکرٹری کلے بخش رند، بی ڈے اے کے سابق اے جی ایم پلاننگ مسعود احمد عطا محمد جعفر ،عامر علی برق،ٹیتھیان کاپر کمپنی کے سابق انتظامی افسر بری داد، ڈائریکٹر ٹی سی سی پی مسلم لاکھانی، بی ایچ پی منرلز کے ایسپلوریشن منیجر کرسٹوفر رابرٹ، بی ایچ پی منرلز کے سی ای اوجان پی شریڈر، ڈائریکٹر ٹی سی سی پی ڈیوڈ چارلس، ٹموتھی جیمز، جوز ایڈوارو فلورز، ہیوگ آر جیمز، کیتھرین جین بوگس اور پیٹر آ ریک کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے ریکوڈک کیس میں گرفتار 2 ملزمان شیر خان اور محمد فارق کا10نومبر تک راہداری ریمانڈ دے دیا۔ احتساب عدالت سکھر نے آمدن سے اثاثہ جات ریفرنس میں پیپلز پارٹی کے رہنما اورمشیر جیل خانہ جات سندھ اعجاز جکھرانی سمیت پانچ افراد پر فرد جرم عائد کردی۔سابق ٹاؤن چیئرمین جیکب آباد عباس جکھرانی، عبدالرزاق بہرانی، سردار ظہیر اور لبنی خاتون پر بھی فرد جرم عائد کی گئی،مزیدسماعت 24 نومبرکو ہوگی۔احتساب عدالت اسلام آباد نے آصف زرداری کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں گواہ کے بیان پر جرح کیلئے سماعت ملتوی کرکے سابق صدر کی ایک روز عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی،نیب کے گواہ ایف بی آر کے افسرعمران محمود کے بیان پر وکیل صفائی ارشد تبریزنے جرح کی،مزیدسماعت 13نومبر تک ملتوی کردی گئی۔ احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں شریک ملزم فضل داد عباسی اور قاسم قیوم کی ریفرنس کی نقول کی فراہمی کی درخواستیں مسترد کر دیں،ایڈمن جج جواد الحسن نے کہا ریفرنس کی تمام کاپیاں بآسانی پڑھی جا سکتی ہیں،نقول کی درخواست دے کر عدالتی وقت ضائع نہ کیا جائے ۔احتساب عدالت اسلام آباد میں خواجہ عبدالغنی مجید و دیگر کے خلاف پنک ریزیڈنسی ریفرنس میں نیب کے گواہ منور اسلم بیان پر جرح مکمل کرلی گئی ۔ احتساب عدالت لاہور نے گریٹر لاہور المعروف چنار باغ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کے ملزم طارق شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کرکے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔