ملتان(خبر نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹولہ ہچکولے کھا رہاہے جسے واپسی کاراستہ نہیں ملنا۔ اپوزیشن جتنا مرضی شور مچا لے نو این آر او ،لٹیروں کولوٹی ہوئی دولت کاحساب دینا ہوگا۔اپوزیشن غیر ملکی اشاروں پر ناچ رہی ہے ۔ اور اسے ملک میں افرا تفری پھیلانے کا ٹاسک ملا ہوا ہے ۔ جسے وہ بخوبی سرانجام دے رہی ہے لیکن اپوزیشن کو ناکامیوں کے سواکچھ نہیں ملنا۔ میں نے پہلے دن کہا تھا پی ڈی ایم میں استعفوں سمیت بہت سے معاملات میں اختلاف پایا جاتا ہے اور وہی سامنے آرہاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران تقریبا ت سے خطاب ‘ وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں عالمی قوانین‘ عالمی انسانی حقوق ‘ عالمی قراردادوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہاہے ۔ جو کہ دنیا کا ضمیر جگانے کیلئے کافی ہے ۔بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کشمیر کی آواز ایک خطے کی نہیں بلکہ عالمی آوازبن چکی ہے ۔ بھارت جس عالمی فورم پر جائے گا وہاں اسے نہتے کشمیریوں کی آواز گونجتی دکھائی دیگی۔ معیشت کے استحکام اور بڑھوتری کیلئے ہمارے دعویٰ سچ ثابت ہو رہے ہیں ۔ اے ڈی بی کی کی حالیہ رپورٹ ہمارے اقدامات کی توثیق ہے ۔ ایک ماہ کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں 31 روپے کلو کمی ہوئی جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ کورونا کی دوسری لہر کی شدت میں تیزی آگئی ہے عوام ایس او پیز پر عمل کریں۔