اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی جیلوں میں قیدکی سزا پوری کرنے والے 4 اپنے بھارتی جاسوسوں کی رہائی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری اپرنارائے نے بیرسٹرملک شاہنواز نون کے ذریعے دائر درخواست میں وفاق، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی شہریوں برجو ڈنگ ڈونگ، وجیان کمار، ستیش بھوگ اور سونو سنگھ کو فوجی عدالت نے پاکستان میں جاسو سی اور دہشتگردی کی کارروائیوں کے جرم میں سزا سنائی، جن میں سے لاہور جیل میں قید برجو کی سزا 29اپریل2007، وجیان کمار کی سزا 19جون2014ء ، ستیش بھوگ کی سزا 6مئی 2015ء کو جبکہ کراچی جیل میں قید سونو سنگھ کی سزا 29مارچ 2012ء کو پوری ہوچکی ہے ،جس کے بعد بھی انہیں قید میں رکھنا قانون کی خلاف ورزی ہے ،استدعاہے کہ متعلقہ حکام کو چاروں بھارتی شہریوں کی رہائی اور بھارت واپس بھجوانے کے اقدامات کیلئے کا حکم دیاجائے ۔