لاہور(رپورٹ:قاضی ندیم اقبال)حکومت پاکستان نے بھارتی پاسپورٹ کے حامل سکھ یاتریوں کوطے شدہ پروٹوکول جبکہ دیگر ممالک کے یاتریوں کوقومی سیاحتی پالیسی کے مطابق ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔نئی دہلی سمیت دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتخانوں،وفاقی اداروں اور حکومت پنجاب کو آگاہ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستانی سفارتخانوں کو آگاہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ ایسے سکھ یاتری جن کے پاس بھارتی پاسپورٹ ہیں ان کو پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ پروٹوکول کے مطابق ویزے جاری کئے جائیں۔وہ صرف انہی مقامات کا وزٹ کر سکیں گے جہاں کا ان کو ویزا جاری کیا جائے گاجبکہ امریکہ ، یورپ اوردیگر ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے سکھ شہریوں کو پاکستانی سفارتخانے قومی سیاحتی پالیسی کے مطابق ویزے جاری کریں گے ،ایسے یاتری اپنے پوتر استھانوں کے علاوہ دیگر مقامات کی سیر بھی کر سکیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت پنجاب کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ جن کی روشنی میں لاہور اور ننکانہ صاحب کے ڈپٹی کمشنرز و دیگر ضلعی ادارے دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کے پرجوش استقبال کے لئے ملکی تاریخ میں پہلی بار ’’ہفتہ گورونانک دیو جی ‘‘ بھی منائیں گی۔اس ضمن میں ضلعی حکومتوں کو فنڈز حکومت پنجاب فراہم کرے گی ۔