ممبئی (شوبزڈیسک) بالی ووڈ کے ’غنڈے ‘ ارجن کپور اور ’بدنام‘ گرل ملائیکا اروڑا کے درمیان گزشتہ برس سے تعلقات کی چہ مگوئیاں ہیں۔ اگرچہ دونوں نے واضح طور پر ایک دوسرے سے تعلقات کا اعتراف نہیں کیا، تاہم دونوں ذو معنی الفاظ میں مختلف مواقع پر ایک دوسرے سے محبت کا اقرار کر چکے ہیں۔ مختلف بھارتی میڈیا رپورٹس میں ارجن کپور اور ملائیکا اروڑا کے قریبی ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ دونوں نے شادی کیلئے ایک محل نما گھر کی تلاش شروع کردی ہے ۔دونوں رواں برس ہی شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم زندگی کے اہم ترین فیصلے سے قبل دونوں ایک شاندار گھر بنانا چاہتے ہیں۔جوڑے کے قریبی ذرائع کے مطابق ارجن کپور اور ملائیکا اروڑا نے جائیداد کی خرید و فروخت کرنے والے ایک ادارے سے گھر کے لیے رابطہ بھی کیا ہے۔ اور امکان ہے کہ جلد ہی انہیں گھر مل جائے گا۔خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گھر ملتے ہی دونوں کی جانب سے شادی کا اعلان سامنے آئے گا۔