وزیر اعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ان کی تمام تقریبات اور پروگرام قومی زبان اردو کا استعمال کرتے ہوئے مرتب کیے جائیں‘وزیر اعظم کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں تمام متعلقہ اداروں اور افراد کو اس پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بلا شبہ اردو ہماری قومی زبان اور ہمارا فخر ہے ۔دنیا بھر کے تمام بڑے ممالک کے سربراہان اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورموں پر اپنے اپنے ملک کی قومی زبان میں اپنا قومی موقف اجاگر کرتے ہیں لیکن ہمارے معدودے چند لیڈروں‘صدور اور وزرائے اعظم کے علاوہ کبھی کسی نے اس جانب توجہ نہیں دی کہ قومی زبان اردو کو ملکی و غیر ملکی سطح پر ذریعہ اظہار بنایا جائے حالانکہ اس وقت اردو قریباً ڈیڑھ ارب لوگوں کا ذریعہ اظہار ہے۔ اس میں وقت کے ساتھ نئے نئے الفاظ ڈھالنے کی صلاحیت بھی بعض دوسری زبانوں کے مقابلے میں بدرجہ اتم موجود ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا اپنے تمام پروگراموں اور تقاریب میں اردو زبان کے استعمال کا عزم نہ صرف ملکی سطح پر قومی زبان کی ترویج و ترقی اور اس کی ثقافتی زندگی میں تبدیلی کا باعث بنے گا بلکہ عالمی سطح پر بھی اردو کو دوسری زبانوں کے مقابل اپنا مقام بنانے کا موقع ملے گا۔ بلا شبہ زبان ہی کسی قوم کے مجموعی رجحانات کی عکاس ہوتی ہے۔ لہذاہمیں بھی پورے فخر کے ساتھ ہر فورم پر پاکستان کا تعارف اس کی قومی زبان میں کرانے کو اپنا شعار بنا لینا چاہیے۔