اوکاڑہ، حجرہ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)اوکاڑہ کے نواح میں 3 بچوں کو لٹکا کر اور برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا گیا، ویڈیو وائرل ہونے پر ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، نواحی گاؤں 40 فور ایل میں درزی یعقوب نے شرارتوں سے منع نہ ہونے پر 5 سے 10 سال کی عمر کے تین بچوں کو گھر بلا کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، یعقوب نے ہمسائے مستری عباس کے تین بچوں کو شرارتوں سے منع کیا ، بچے باز نہ آئے تو انہیں گھر بلایا اور تشدد کا نشانہ بنایا، بچوں کو برہنہ کرکے کپڑوں سے باندھ کر الٹا لٹکایا اور جوتے سے مارتا رہا، زمین پر گھسیٹتا رہا اور بچوں کو حبس بے جا میں رکھا، بچے چیخ و پکار کرتے رہے ، ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس حرکت میں آگئی اور گھر پر چھاپہ مار کر درزی یعقوب کو گرفتار کرلیا، اس کا موبائل فون قبضہ میں لے لیا، موبائل فون میں واقعہ کی ویڈیو موجود ہے ، ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 11روز پہلے کا ہے ، مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی، ڈپٹی کمشنروہاڑی مریم خان متاثرہ بچوں کے گھر پہنچ گئیں اور انہوں نے خاندان کی مالی اور قانونی مدد کا اعلان کیا ، انہوں نے موقع پرہی 20 ہزار روپے نقد ادا کئے اور اعلان کیا بچوں کی تعلیم کے تمام تر اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔