واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے )مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کوئی ایشو نہیں تھا،اسے ایشو عمران خان اور پاکستانی ٹاک شوز نے بنایا،مسلم لیگ نواز نے جبر کے حالات میں بل کو پاس کرایا، ہماری پارٹی ابھی مین لیڈر شپ سے رابطے میں نہیں،اس وقت پارلیمنٹ کو کٹھ پتلی چلا رہے ہیں، نواز شریف نے تو خط کچھ اور لکھا تھا، ہماری پارٹی کو بھی کٹھ پتلی لوگ چلا رہے ہیں، جو لوگ پارلیمنٹ میں ہیں ان کا خیال ہے ہم پیسہ خرچ کر کے یہاں پہنچے ہیں،انہیں یہ بھی خدشہ لاحق تھا کہ اگر انہوں نے بل کو پاس نہ کیا تو کہیں " میرے عزیز ہم وطنو" نہ آجائیں، اگر وہ آگئے تو پھرہمارے پیسے ضائع ہو جائینگے اس لیے بل پاس ہو گیا۔ وائس آف امریکہ کو انٹرویواورنیویارک میں پاکستانی امریکن تھنک ٹینک کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بل کے پاس ہونے سے صرف ہماری پارٹی ہی نہیں بلکہ پورا پاکستان مایوس ہے ،جس کمرے میں بیٹھ کر بل کی حمایت میں انگوٹھے لگائے گئے وہ نواز شریف کی سوچ نہیں ہے ،بظاہر یہی لگتا ہے ہماری پارٹی کے لوگ بظاہرنواز شریف کے خلاف فیصلے کر رہے ہیں، اس وقت پارٹی منتشر ہے ۔کوئی لندن میں ، کوئی لاہور، کوئی اسلام آباد میں ہے ۔ عوام کا تو یہ حال ہے " قدم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں " اور جب پیچھے مڑ کر دیکھا تو ایک بھی ساتھ نہ تھا،نواز شریف جیل میں تھے تو کتنے لوگ انکو جیل سے باہر نکالنے کیلیے آئے ، جواب ہو گا صفر ، جن لوگوں نے پارٹی منشور بیچا ہے وقت آنے پر ہم انہیں بھی نیلام کر دینگے ، دجال دنیا میں آئے گا تو اسکی سب سے پہلے بیعت پاکستانی ہی کرینگے ،ہماری قوم بہت ڈرپوک ہے ، چودھری نثار اچھے پارلیمنٹیرین تو ہو سکتے ہیں اچھے لیڈر نہیں، آپ ثاقب نثار سے پوچھیں، میرا خیال ہے اب تک وہ ڈیم بنا کر فارغ ہو چکے ہونگے ۔سیاستدان ، ججز ،جنرلز اور صحافی اپنا کام صحیح طریقے سے نہیں کر رہے ۔