اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو بہاولپور کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بہاولپور کور کے آپریشنل ، تربیت اور انتظامی امور کے بارے میں بریف کیا گیا۔آرمی چیف نے پاک فوج کے جوانوں کی نشانہ بازی صلاحیتوں کامشاہدہ کیا،پاک فوج کے نشانہ بازوں نے 1500میٹرتک ہدف کوکامیابی سے نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور اعلی حوصلے کو سراہا،اور سنائپرزکی تربیت کیلئے طویل فاصلے تک نشانہ بازی کی سہولت دینے پرٹرینرزکو مبارکباددی ۔آرمی چیف نے کہاکہ ہرفوجی کی پیشہ وارانہ مہارت کیلئے تربیت ناگزیرہے ،انہوں نے کہاکہ مستقبل کے جنگی میدان کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے تربیت ہی ہماراخاصاہوناچاہیے ، اس موقع پرآرمی چیف نے فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے بہاولپور گیریژن میں سولجرز کلب کا افتتاح بھی کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں بہاولپور پہنچنے پر کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان نے آرمی چیف کا خیرمقدم کیا۔