راولپنڈی(رپورٹر92نیوز)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،مولانا فضل الرحمن اسلام آباد آئے اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا استعفی لیئے بغیر نہیں جاؤں گا،لیکن انہیں بہترین حکمت عملی کی وجہ سے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، اب وہ دسمبر میں حکومت تبدیل کرنے کا اعلان کررہے ہیں،اس معاملے میں بھی انھیں منہ کی کھانی پڑے گی ،کوشش ہے کہ اگلے تین سالوں میں راولپنڈی کے حالات تبدیل کریں،راولپنڈی کا تعارف اچھے ہسپتالوں کی وجہ سے ہو۔ان خیالات کااظہار انھوں نے انجمن تاجران پرنٹنگ پریس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ۔انھوں نے مزید کہا ہے کہ تاجروں اس طرح مت آپس میں لڑنا جس طرح اسمبلی میں ہورہا ہے ،مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے ،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر آج دس روپے کم ہوچکی ہے ،ڈالر آج 154 کا ہوچکا ہے ،راولپنڈی میں ہماری بیٹیوں کی چار یونیورسٹیاں ہوں گی،ماں بچہ ہسپتال بنارہے ہیں جس میں 14آپریشن تھیٹر ہوں گے ۔شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہم نے سابقہ روایات کے برعکس راولپنڈی میں کسی بھی قبضہ گروپ کو سراٹھانے نہیں دیا،پاکستان میں میڈیا اب ہر معاملے سنجیدگی کا مظاہرہ کررہاہے ،جو کہ خوش آئند ہے ،الیکشن کمیشن کا مسئلہ حل ہو جائے ہوگا،آرمی چیف کی تین سال تک توسیع ہوجائے گی،کشمیر کے بھائیوں کو ہم نہیں بھولے ،مہنگائی اور بیروزگاری پر قابو پائیں گے ۔