لاہور (وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ )مسلم لیگ ق کے انٹرا پارٹی الیکشن مکمل ہوگئے ۔ چودھری شجاعت حسین مسلم لیگ (ق) کے بلا مقابلہ مرکزی صدر منتخب ہوگئے ، طارق بشیر چیمہ کو بھی بلا مقابلہ مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔اس موقع پر چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت غریب آدمی کے حالات مایوس کن ہیں۔ انتخابی عمل کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن کے اجلاس کی صدارت جہانگیر اے جھوجھہ ایڈووکیٹ نے کی جبکہ ممبران الیکشن کمیشن چودھری امتیازاحمد رانجھا، فرخ خان، رانا خالد منظور اور میاں عمران مسعود تھے ۔ اس موقع پر خدیجہ عمر فاروقی،ماجدہ زیدی اور عزیزہ سعید سمیت دیگر بھی موجود تھیں۔ نومنتخب صدرنے کہا کہ صوبائی تنظیمیں ہر سطح پر مسلم لیگ کو فعال اور منظم کریں،ق لیگ کو فعال، مضبوط اور منظم بنا کر ہی پاکستان کا استحکام یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ ملک میں تمام بڑے منصوبے دو تین سال کیلئے معطل کردیں، غریب اور عام آدمی کی فلاح و بہبود اور ان کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔