لاہور(سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،سپیشل رپورٹر )امیرالمومنین حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کا یوم شہادت کل 21 رمضان المبارک بروز سوموارکو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا، مساجد اور امام بارگاہوں میں کانفرنسز ،مجالس منعقد ہونگی جس میں حضرت علیؓ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔ چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس بھی نکالے جائیں گے ۔ اس حوالے سے لاہور سمیت ملک بھر میں سکیورٹی انتہائی سخت رہے گی۔ حکومت پنجاب نے سوموار کو لاہور میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر لاہور میں یوم علی ؓکے موقع پر 2 یوم کے لئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی،ڈبل سواری پر پابندی 26اور27مئی (آ ج ،کل ) کیلئے عائد کی گئی ہے ،اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب سید علی مرتضی کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ پابندی کی درخواست ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے کی گئی تھی۔ صحافی اور خواتین ڈبل سواری کی پابندی سے مستثنیٰ ہو نگے ۔