کوئٹہ(آن لائن) بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں کوئلے کی ایک کان میں گیس بھر جانے سے پھنسنے والے 10 کانکنوں کے بچنے کا امکان کم ہے ، چیف انسپکٹر مائنز نے کہا حادثے کو 24 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے باعث ان کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہوگئے ہیں، چیف انسپکٹر آف مائنز بلوچستان شفقت فیاض کے مطابق کوئٹہ سے تقریبا 40 کلومیٹر دور ڈیگاری کی ایک کوئلہ کان میں اتوار کی دوپہر کو بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی ، 10 کان کن ساڑھے تین ہزار فٹ کی گہرائی میں پھنس گئے ، امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے ، ایک مقامی کان کن نے بتایا کہ مناسب سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے پھنسے ہوئے کان کنوں کو بچانے کیلئے اترنے والے 8 کان کن بھی گیس کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے تھے جنہیں بڑی مشکل سے کئی گھنٹوں کی کوششوں سے بچایا گیا، چیف انسپکٹر مائنز کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کے بعد کان حادثے کی تحقیقات کی جائیں گی ۔