لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ ن لیگ کا چارج شہبازشریف کے پاس ہی ہے انہوں نے بلاول بھٹو سے رابطہ کیا ہے آنے والے دنوں میں جلد اے پی سی ہوگی جس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر غورکیاجائے گا۔ پروگرام’’ ہو کیا رہا ہے ‘‘ میں میزبان فیصل عباسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی کڑیاں بھی بھارت سے مل رہی ہیں، اس میں ہمیں اپنے دفاع کوبھی مضبوط رکھناہے جبکہ جس طر ح معیشت کا دیوالیہ نکلا ، اس کوبھی دیکھنا ہے ۔ آئین میں تحریک عدم اعتماد کی گنجائش ہے ، وہ تو ہوہی سکتا ہے ، ہم نہ کریں تو ان کے اتحادی کردینگے کیونکہ وہ ٹوٹنے کیلئے تیار ہیں۔سندھ حکومت کی جے آ ئی ٹیز کے حوالے سے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ جو بھی رپورٹ ہے حکومت اس کو سامنے لائے ۔مجھے معلوم نہیں کہ کون سی جے آئی ٹی سچی ہے پی ٹی آئی والے جھوٹ بولتے ہیں۔ انہیں تھوڑی سنجیدگی دکھانی چاہئے ۔تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ جے آئی ٹی کے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئے ۔کراچی میں ایم کیوایم کے مقابلے میں لیاری گینگ کوکھڑا کیا گیا، پولیس ، مافیاز اور سیاست دانوں نے مل کر کراچی کا بیڑہ غرق کیا لیکن کراچی کو ٹھیک کرنے کا کریڈٹ نوازشریف اور اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو جاتا ہے ۔ علی زیدی بڑے ڈرامہ بازہیں انہیں کسی سٹیج ڈرامہ میں ہوناچاہئے ۔ اس معاملے میں بہت خلا ہے ایک موٹرسائیکل پر کون آسکتا ہے وہ یہ اشارہ دے رہے ہیں کہ ایجنسیوں کے لوگ انہیں رپورٹ دے گئے ہیں۔ جس ملک میں گندم وافر تھی اس میں قلت ہے ، حکومت اپنی نالائقی نہیں مانتی اورمافیاز کانام لیتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ا گرچہ پاکستان میں کورونا کی شدت کم ہوئی ہے لیکن تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے ایس او پیز بنانے چاہئیں نجی تعلیمی ادارے تو چھٹیوں میں فیسیں لیتے تھے لیکن اس بار تو کورونا کے دوران بھی دیدہ دلیری سے فیسیں لی گئیں۔