لاہور(این این آئی)قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے متعلق شہباز شریف کو لکھا گیا خط منظر عام پر آگیا جس میں نواز شریف نے کہا کہ جامع پروگرام ترتیب دے کر آزادی مارچ کو کامیاب بنایا جائے ، نوازشریف نے شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ آزادی مارچ میں شرکت لئے جامع پروگرام ترتیب دے کر اس کا باقاعدہ اعلان کریں اورذمہ داری باصلاحیت اور دلیر لوگوں کو دیں۔ لیگی رہنمائوں، کارکنوں اور ساتھیوں کے نام میرا پیغام ہے کہ اس احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ یہ کھڑے ہونے اور ہر مصلحت کو ایک طرف رکھ کر اپنا حق منوانے کا وقت ہے ، عزت بحال کرنے کا وقت ہے ، بات اگر قومی غیرت، جمہوریت کی بقا،خود داری اور عزت نفس تک آ پہنچے تو جرات اور بہادری کے ساتھ اس کے دفاع میں اٹھ کھڑے ہوں۔’’ اکبر نے سنا ہے اہل غیرت سے ، یہی جینا اگر ذلت سے ہو تو مرنا اچھا‘‘۔