پشاور (این این آئی)احتساب عدالت پشاور نے پیپلز پارٹی کی رہنما عاصمہ عالمگیر کو عمرہ پر جانے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی۔ پیر کو آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مواصلات ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ عالمگیر احتساب عدالت میں پیش ہوئے ۔دوران سماعت عدالت میں استغاثہ کے دو گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ، اگلی سماعت پر استغاثہ کے مزید گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے ۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ارباب عالمگیر نے کہا کہ عدالت میں کیس انتہائی سست روی کا شکار ہے ، یہ تنخواہ کے پیچھے پڑے ہیں جبکہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ تنخواہ نہیں لی۔ اس ملک میں ہمیشہ تجربے ہوتے ہیں، صدارتی نظام کا بھی تجربہ کرلیں۔ عاصمہ عالمگیر نے عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آزاد عدالتیں موجود ہیں، ہائی کورٹ نے میرا نام ای سی ایل سے نکال دیا۔ ہماری 200 سال پرانی جائیداد کی باتیں ہو رہی ہے ، 4 سال سے نیب کو اپنی جائیداد کا ریکارڈ فراہم کیا۔عاصمہ عالمگیر نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کا کیس کہاں گیا؟ کیا وزیر اعظم اس ملک کا شہری نہیں۔