ملتان ( لیڈی رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا تیزگام میں آگ چولہا پھٹنے کے باعث لگی، آرمی چیف کا شکر گزار ہوں کہ ہمارے زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کیا ہے ، حادثے میں جاں بحق کے لواحقین کو 15 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے امداد دیں گے ، امید ہے وزیر اعظم پیکج سے بھی کچھ نہ کچھ ملے گا، جلسے والوں نے جلسہ ملتوی کر کے اچھا کیا، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملتان ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا واقعہ میں 74 افراد جاں بحق اور 37 زخمی ہوئے ، تبلیغی جماعت کے افراد کو میر پور میں سلنڈر پر کھانا پکانے پر ڈرائیور اور گارڈ نے روکا کہ سلنڈر مت جلائیں، ڈرائیور کے جانے کے بعد مسافروں نے دوبارہ سلنڈر جلا دیا، عینی شاہدین نے بتایا سلنڈر پھٹا ، میرپور خاص سے سلمان نامی تبلیغی جماعت کے امیر نے بکنگ کرائی ، مسافروں سے ملکر آیا ہوں وہ کہتے ہیں ہم سے غلطی ہوئی ہے ، ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کی مدد پر شکر گزار ہوں، پاک فوج نے تیزی سے ہسپتال شفٹ کیا ورنہ تعداد بڑھ سکتی تھی، سب سے کم حادثے میرے دور میں ہوئے ، استعفیٰ کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن صبر کرلیں، استعفی کے حوالے سے دو دن بعد بات کرونگا، ایم ایل ون کا پلاننگ منسٹری نے آ ج فائنل کرنا ہے ، کل ریلوے کی تاریخ کا سب سے بڑا دن ہے ، میڈیا سے گفتگو کے بعد وزیر ریلوے نے ملتان برن یونٹ کا دورہ کیا اور ٹرین حادثے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی اور بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی، وفاقی وزیر نے رحیم یارخان ہسپتال میں بھی زخمیوں کی عیادت کی، انہوں نے کہا زیادہ ہلاکتیں مسافروں کے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے کی وجہ سے ہوئیں، ٹرین کی تین بوگیاں متاثر ہوئیں، کھاریاں اور ملتان میں برن یونٹس ہیں لہٰذا شدید زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کردیا گیا ، ریلوے کی غلطی نہیں بلکہ مسافروں کی غلطی ہے ، مسافر ٹرین میں سلنڈر کیسے لے کر پہنچے اس کی تحقیقات کی جائے گی، مسافر چولہے اپنے تھیلے میں رکھ دیتے ہیں اور قانون سے نہیں ڈرتے ، کراچی سے مسافر سلنڈر لے کر چڑھے تو نوٹس لیں گے ، چھوٹے سٹیشنوں پر سکینر کا نظام موجود نہیں ، مسافروں اور ٹرین کی انشورینس ہے جس سے مالی نقصان کی تلافی ہوسکے گی۔ ہم نے نئے تعمیر شدہ رائے ونڈ ریلوے سٹیشن کا افتتاح کیا ، تبلیغی اجتماع کی وجہ سے 134ٹرینوں کا 2منٹ کے لئے سٹاپ دیا گیا ہے ۔