اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی ، سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل ، کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اسد عمر کو وزارت منصوبہ بندی کا قلمدان سونپ دیا گیا۔صاحبزادہ محبوب سلطان کو وفاقی وزیر سیفران بنادیا گیا جبکہ ان سے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔ شہریار آفریدی سے وزارت سیفران کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔خسرو بختیار کو پٹرلیم کی بجائے نیشنل فوڈ سکیورٹی کا قلمدان دیا گیا ہے ۔ دریں اثنا پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ منگل کو ایوان صدر میں اس سلسلے میں حلف برداری کی خصوصی تقریب ہوئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسدعمر سے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد صدر مملکت نے اسد عمر کو مبارکباد دی۔