اسلام آباد، لاہور( خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے آئندہ انتخابات میں کامیابی کیلئے انتہائی مکاری سے متحدہ عرب امارات پر دباؤ ڈال کر اسے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کرنے پر مجبور کردیا،یہ معاہدہ ہمارے حکمرانوں کیلئے بھی ایک سبق ہے جو کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی پر راضی ہوگئے تھے ،متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کرکے گویا بیت المقدس کی آزادی سے دستبرداری کا اعلان کردیا،یہ عربوں کیلئے ہی نہیں عالم اسلام کیلئے تباہی کا معاہدہ ہے جس سے امت کے اندر تفریق و تقسیم گہری ہوجائے گی، حکومت معاملے پر او آئی سی کا اجلاس بلوا کر یو اے ای پر دبائو ڈالے ، کل اتوار کو یوم فلسطین منایاجائیگا، قوم سے اپیل کی کہ ملک بھر میں ریلیوں اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ کی عظیم نعمت ہے جس پر پوری قوم کو اللہ کا شکر اداکرنا چاہئے ۔