قومی اسمبلی کے اجلاس میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پیش کردہ قرار داد میں فلسطینی عوام کیخلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کو ان کا حق خود ارادیت دینے، اسرائیل پر جنگی جرائم کے مقدمات چلانے، مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی روکنے کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل سے اسرائیلی مظالم بند کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، مزید برآں وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کو اسرائیلی مظالم کے خلاف یوم احتجاج منانے کی ہدایت کی ہے۔ فلسطینی عوام اس وقت اسرائیلی بربریت کی وجہ سے انتہائی کرب و ابتلا سے سے گزر رہے ہیں اور آج انہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کی مدد کی ضرورت ہے، جس کے لئے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدا مات کی ضرورت ہے ۔ غزہ میں اسرائیل نے فلسطینی عوام کے خلاف جس طرح خون کی ہولی کھیلی ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ مسلم امہ بھی دہشت گردی کے خلاف فوجی اقدامات کرے اور اس کا ترکی بہ ترکی جواب دے۔ اسرائیلی جارحیت کیخلاف قراردادیں اور احتجاج تو ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں ۔موجودہ صورتحال نے اسلامی دنیا کے درمیان اتحاد، مشترکہ اسلامی فوج،سیاسی و سفارتی کوششوں کو تیز تر کرنے اور جہاد کی ضرورت کو مزید واضح کر دیا ہے۔ لہٰذا پاکستان،ایران،ترکی ،ملائیشیا کو اس سلسلہ میںخصوصی کردار ادا کرتے ہوئے تمام مسلم امہ خصوصاََ عالم عرب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلانا چاہئے تا کہ فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت دلانے کی راہ ہموار کی جا سکے۔