غزہ ، مقبوضہ بیت المقدس، اسلام آباد ، لندن، نیویارک، استنبول ، لاہور، فیصل آباد (92 نیوز رپورٹ، سپیشل رپورٹر، خصوصی رپورٹرز، نیوز ایجنسیاں ) اسرائیل کی فلسطینیوں پر بربریت عید کے دنوں میں بھی جاری رہی ، جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کے تین دنوں میں صہیونی فورسز نے مزید 88 مظلوم فلسطینیوں کو خون میں نہلا دیا۔ فضائی بمباری اور دیگر حملوں سے مرنے والوں کی تعداد 40 بچوں سمیت 144ہوگئی ، شہید ہونیوالوں میں میں 22 خواتین بھی شامل ہیں، 1200سے زائد فلسطینی زخمی ہیں، مہاجر کیمپ پر ہونے والے حملے میں ایک ہی خاندان کے 8 بچے اور دو خواتین شہید ہوگئیں، مغربی کنارے میں ہونے والی جھڑپوں میں 13 فلسطینی شہید ہو چکے ، غزہ میں اسرائیلی ظلم نے دل رلا دیئے ، ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، گھروں سے جنازے اٹھ رہے ہیں، چیخ وپکار کی آواز دور دور تک سنائی دے رہی ہے ، عالمی ضمیر خاموش ہے ، صیہونی فورسز رہائشی علاقوں پر توپوں سے بمباری بھی کی ، غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے میں 160 جہاز، ٹینک اور آرٹلری حصہ لے رہی ہے ، اسرائیلی فوج نے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، سینکڑوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، غزہ کا شمالی علاقہ ملبے کا ڈھیر بن گیا، جنوبی شہر خان یونس پر بھی حملہ کیا گیا، اسرائیلی فوج مہاجر کیمپوں پر بھی گولے برسا رہی ، مہاجر کیمپ پر ہونے والے حملے میں بچے اور خواتین شہید ہوگئیں، 2014 کے بعد اسرائیلی کی طرف سے کئے گئے یہ شدید ترین حملے ہیں، مغربی کنارے میں جھڑپوں میں اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کے شیل پھینکے ، ربڑ کی گولیاں اور براہ راست فائرنگ کی، غزہ کے محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ، عالمی برادری فوری طور پر اسرائیلی حملے رکوائے ، اقوام متحدہ کے مطابق دس ہزار سے زائد فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ، الجزیرہ رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز نے میڈیا بلڈنگ کو بم سے اڑا دیا، 11 منزلہ الجلا ٹاور میں الجزیرہ اور ایسوسی ایٹڈ پریس اور دیگر میڈیا ہاؤسز کے دفاتر تھے ، اسرائیلی فورسز نے ایک گھنٹے میں عمارت خالی کرنے کا کہا تھا، اب تک اس جنگ میں 9 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے ہیں، اسرائیل نے اب تک غزہ شہر میں 800 سے زیادہ مقامات کو نشانہ بنایا ، فلسطینی شہری سکولوں اور مسجدوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ، اسرائیلی فوج نے اعلان کیا اس نے الرمالہ کے علاقے میں حماس کے سکیورٹی ہیڈ توفیق ابو نائم کے مکان کو نشانہ بنایا ہے ، ہفتہ کے روز اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی غزہ کے علاقوں الشطی اور خان یونس میں بمباری سے مہاجرکیمپ میں 6بچوں اور 2 خواتین سمیت 19 فلسطینی شہید ہو ئے ، اسرائیل میں جاری پرتشددمظاہروں کو روکنے کیلئے اسرائیلی فورسزنے عرب کمیونیٹی پرتشددکیا، اسرائیلی حکومت نے غزہ پٹی کے بجلی کے نظام کوبندکرنے کی دھمکی دیدی،اسرائیل کی بجلی کمپنی غزہ پٹی کو220میگاواٹ بجلی فراہم کرتی ،اسرائیلی بمباری سے بجلی کی ترسیل کے 8مرکزی کیبل تباہ ہوچکے ،غزہ پٹی میں بجلی کی ترسیل 400میگاواٹ سے کم ہوکر130میگاواٹ رہ گئی، فلسطینی ایوان صدر نے واضح کیا کہ دیر پا امن کے قیام کیلئے ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے جس میں مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت تسلیم کیا جائے ۔ ترک صدر اردوان نے کہا کہ جس طرح شامی سرحد پر دہشت گردوں کا راستہ روکا اسی طرح مسجد الاقصیٰ کی جانب بڑھتے ہو ہاتھوں کو توڑ دیں گے ، اپنی جماعت انصاف و ترقی پارٹی کے نمائندوں سے ویڈیو کانفرنس خطاب میں انہوں نے کہا میں نے بعض عالمی رہنماوں سے رابطہ کیا اور سب نے فلسطین کے حق میں ہمارے مؤقف کی مکمل تائید کی ، اسرائیلی جارحیت پر خاموش رہنے والوں کا انجام عبرت ناک ہوگا، اسرائیل جارحیت پر خاموش رہنے والوں کو یاد رکھنا چاہیئے کہ ان پر بھی یہ وقت آ سکتا ہے ۔ امریکی صدر بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہوسے ٹیلیفونک رابطہ کرلیا، بائیڈن نے اسرائیل کوامریکی حمایت کی دوبارہ یقین دہانی کرادی،وائٹ ہائوس کے مطابق حماس اوردیگرگروہوں کے حملوں کیخلاف اسرائیل کواپنے دفاع کاحق حاصل ہے ، ہلاکتوں پر تحفظات کا اظہار بھی کیا، وائٹ ہاؤس کے مطابق بائیڈن نے فلسطینی صدر محمودعباس سے فون پر گفتگو کی اور امریکہ فلسطین تعلقات کی مضبوطی کا عزم ظاہر کیا۔ صدر عباس کے ترجمان نے بتایا دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ گفتگو انتہائی اہم تھی۔ قبل ازیں وائٹ ہاوس کی ترجمان جین ساکی نے ڈھٹائی سے اسرائیل کی کارروائی کو سیلف ڈیفنس قرار دیا، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کو روکنے کی غرض سے ثالثی کا کردار ادا کرنے ہفتہ کے روز ایک امریکی نمائندہ ہادی امر تل ابیب پہنچ گیا ، ہادی امر اسرائیلی، فلسطینی اور اقوام متحدہ کے حکام کے ساتھ جنگ بندی کی غرض سے مذاکرات کریں گے ، قبل ازیں امریکہ نے اسرائیلی جارحیت پر ہونے والا سلامتی کونسل کا اجلاس مؤخر کر ا دیا،یہ اجلاس اب آج اتوار کو ہوگا، فلسطین پر اسرائیلی مظالم پر سعودی درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم(اوآئی سی ) کا وزرائے خارجہ کی سطح کا اجلاس آج 16 مئی کو طلب کرلیاگیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہفتے کو اپنی ٹویٹ میں کہاہے کہ یہ فلسطین اسرائیل تنازع نہیں بلکہ یک طرفہ سفاکانہ اور قاتلانہ حملہ ہے ،یہ ان لوگوں کا قتل عام ہے جو اپنی زمین پر رہنے کی خاطر لڑ رہے ہیں،ایک آزاد فلسطین ایک دن ضرور ابھرے گا، وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس سے فون پر گفتگو کی اور فلسطینیوں کے حقوق اور ان کی منصفانہ جدوجہدکے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کااعادہ کیا ، انہوں نے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا اسرائیلی خلاف ورزیوں پرعالمی برادری کو متحرک کرنے سے متعلق پاکستان کی جانب سے بھرپورکوششوں کی یقین دہانی کرائی، محمود عباس نے پاکستان کی بھرپورحمایت پر پاکستانی قیادت کے ردعمل کاخیرمقدم کیا، دونوں رہنمائوں نے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا، چینی سفیر برائے اقوام متحدہ زانگ جون نے اپنے ٹویٹر پیغام میں مقبوضہ فلسطینی علاقے میں کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو اب قدم اٹھانا چاہیے ۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اسرائیلی حملے عالمی اصولوں اور معاہدوں کے منافی ہیں۔ فرانس نے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہروں پر پابندی عائد کردی ، مسلم اکثریت والے ممالک سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے ہوئے ہیں ، بنگلا دیش، اردن، کوسوو اور ترکی میں مظاہرے ہوئے ، جرمنی میں مظاہرین کی جانب سے اسرائیلی پرچم نذرِ آتش کر دیا گیا، امریکہ میں بھی انسانی حقوق کی تنظیموں نے مظاہرہ کیا اور جنگ رکوانے کا مطالبہ کیا، برطانیہ ، سکاٹ لینڈ اور ارجنٹائن میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، شکاگو میں ’فلسطین کو آزاد کرو‘ کے نعرے لگائے گئے ، مانچسٹر میں بھی شہری فلسطینوں کے حق سڑکوں پر نکل آئے ، وسطی لندن کے علاقہ ماربل آرچ سے شروع ہونے والا مظاہرہ مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا ۔اسرائیلی ایمبیسی کے باہر اختتام پذیر ہوا ، عراق میں مظاہرین نے اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے ، انقرہ، استنبول میں مظاہرے کئے گئے ۔ پاکستان میں بھی مختلف مقامات پر مظاہرے کئے گئے ۔ مظفرآباد میں کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، بٹ خیلہ میں ق لیگ نے فلسطینوں پر مظالم کیخلاف ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر اعجاز احمد چوہدری کی قیادت میں کارکنان نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے لاہور پیکو روڑ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نماز عید کے بعد فیصل مسجد میں عظیم الشان احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں نماز عید کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔اسلامی جمعیت طلبہ نے فیصل آباد کی ڈی گراؤنڈ میں القدس ریلی نکالی ۔یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں اسرائیلی حملوں کے خلاف مظاہرہ کیاگیا،ایتھنز پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اورشیلنگ کی، پیرس میں بھی فلسطینیوں کے حق میں ہزاروں افراد نے ریلی نکالی، پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔