اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، این این آئی،آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو30 دن میں فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرنے سے متعلق سنگل بنچ کا حکم معطل کردیا ہے اورالیکشن کمیشن کے کنڈکٹ کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر جواب کیلئے نوٹسز جاری کردئیے ۔ چیف جسٹس اطہر من اﷲ اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ تیس روز میں کرنے کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی۔سماعت کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ خاور نے موقف اختیارکیاکہ سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش ہوئی،چیف جسٹس نے کہاکہ جب سکروٹنی کمیٹی نے کہہ دیا کہ دستاویزات قابل تصدیق نہیں تو اب کیا کارروائی چل رہی ہے ،قانون یہ ہے کہ الیکشن کمیشن ہر سال سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی سکروٹنی کرے گا،قانون کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کو ضبط کیا جا سکتا ہے ،الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد اب کیا کر رہا ہے ،شاہ خاور نے کہاکہ سنگل بنچ نے جو فیصلہ دیا اس میں سخت ریمارکس استعمال کیے ،سنگل بنچ نے فیصلے میں فیس دی میوزک جیسی اصطلاح بھی استعمال کی،بنیادی طور پر یہ ممنوعہ فنڈنگ کا کیس ہے ، فارن فنڈنگ کا نہیں،الیکشن کمیشن کو 30 روز میں فیصلہ کرنے کا آرڈر دینا سنگل بنچ کا اختیار نہیں تھا،ہم نے درخواست کیا دی اور سنگل بنچ نے فیصلہ کیا دیا یہ دیکھ لیں، ہم نے اکبر ایس بابرکو کارروائی سے الگ کرنے کی استدعا کی،چیف جسٹس نے کہاکہ 2002 کا قانون کہتا ہے کوئی ممنوعہ فنڈنگ ہوئی تووہ ضبط ہو جائیگی، سکروٹنی کمیٹی تو کہہ چکی اکبر ایس بابر کی انفارمیشن کی تصدیق نہیں ہوئی،الیکشن کمیشن خود یہ بات تسلیم کرچکا تو اب کارروائی کیا ہو رہی،ہمیں سمجھائیں الیکشن کمیشن اب کارروائی کیا کر رہا ہے ،شاہ خاور نے کہاکہ الیکشن کمیشن اپنے طور پر اکٹھی کی گئی معلومات پر کارروائی کر رہا ہے ،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت17 مئی تک کیلئے ملتوی کردی،قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ چیف جسٹس اطہر من اﷲ کی عدالت نے پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے پی ٹی آئی درخواست کوانٹرا کورٹ اپیل کیساتھ یکجا کردیا۔پی ٹی آئی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی نے دیگر سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کا کیس بھی دائر کیا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا دیگر سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین نہیں ہورہی جس پر پی ٹی آئی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دیگرسیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کیسز بہت سست چل رہے ہیں، الیکشن کمیشن صرف پی ٹی آئی کو سنگل آؤٹ کررہا ہے ۔عدالت نے الیکشن کمیشن کے کنڈکٹ کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر جواب کیلئے نوٹسز جاری کردئیے ۔