لاہور /اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،صباح نیوز) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش ،تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ،محکمہ موسمیات کے مطابق سیالکوٹ شہر ، پسرور، نارووال، وزیر آباد،گوجرانوالہ ،کلر سیداں ، میرپور آزاد کشمیر شہراور گردونواح میں گھنگھور گھٹائیں آئیں اور جم کر برسیں، گرمی اور حبس سے نڈھال شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ متعدد فیڈر ٹرپ ہو گئے ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہنے جبکہ راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم ہزارہ،راولپنڈی، گوجرانوالہ ، لاہور ڈویژن اور کشمیرمیں چند مقامات پر بار ش ہوئی۔گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی 44، تربت 43 ،دادو، سکھراور ڈی آئی خان میں42 جبکہ لاہور میں 37 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔