اسلام آبا، لاہو ر (سپیشل رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی، صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، نیٹ نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے وفاقی دارالحکومت میں لینڈ مافیا بالکل برداشت نہیں کر یں گے ، بدقسمتی سے ملک میں طبقاتی قانون کا رواج ہے جہاں بااثر لوگوں کے جرائم سے چشم پوشی جبکہ غربا کو سزا دی جاتی ہے ۔ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آفس میں وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ ایشوز کے حوالے سے اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ نے وزیر اعظم کواسلام آباد کی مجموعی صورتحال، امن و امان، قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن و دیگر امور پر بریفننگ دی۔وزیراعظم نے وزیرمملکت شہریار آفریدی، معاون خصوصی علی نواز اعوان اور ایم این اے راجہ خرم نواز کو اسلام آباد کیلئے خصوصی پیکج تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہااسلام آباد میں لینڈ مافیا، ڈرگ ڈیلرز اور خصوصا تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف جاری مہم کو مزید منظم اور موثر بنانے کے لئے سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس کی کاکردگی کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے لئے آئی جی اسلام آباد سے سفارشات طلب کی گئیں ۔ وزیر اعظم نے کہا اسلام آباد اور اس کے مضافات میں غریبوں کی زمینیں ہتھیانے اور ان پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی،وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنانے اور اس میں بلا امتیاز قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے وزیراعظم کی جانب سے پولیس، اسلام آباد انتظامیہ و دیگر اداروں کو ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم کے زیر صدارت میڈیا امور سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بریفنگ دی۔ اجلاس کے بعد فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم نے میڈیا ہاؤسز کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی ہے ۔ ادائیگیوں کے نتیجے میں میڈیا ورکرز کو نکالنے کا سلسلہ روکنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا اب سرکاری اشتہارات میرٹ کے تحت دئیے جائیں گے ، ہم اشتہارات پر حکومتی کنٹرول کو ختم کر رہے ہیں، ہم اشتہارات کی پالیسی میں توازن لے کر آئیں گے اور اس کے اجرا کے لیے میرٹ پر مبنی پالیسی بنا رہے ہیں۔فواد چودھری کا کہنا تھا پچھلی حکومت نے اشتہارات کو سیاسی آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جس سے میڈیا انڈسٹری متاثر ہوئی لیکن ہم اشتہارات کے سیاسی فوائد حاصل کرنے کے کے حق میں نہیں ہیں۔ دریں اثنا وزیرا عظم عمران خان سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزارت دفاعی پیداوار کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ مزیدبرآں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا محمد عظیم اور سیکرٹری جنرل جی ایم جمالی نے میڈیا ہاوسز کے بقایا جات کی ادائیگی کے حکومتی اقدام کو صحافیوں کیلئے بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے فیصلہ نے ثابت کر دیا حکومت صحافی دوست ہے ۔میڈیا میں کام کرنے والے کارکنوں کو تحفظ دینا حکومت کی صحافتی دوستی کا ثبوت ہے ۔پی ایف یو جے اس اقدام پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اطلاعات فواد چودھر ی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ دوسری طف قطرکی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل غانم پاکستان پہنچ گئے ، وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں امیر قطر اور قطری وزیر اعظم کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ قطری چیف آف سٹاف نے وزیراعظم عمران خان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ملاقات میں پاک قطر باہمی مفادات پر مبنی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا قطری پورٹ کو کراچی پورٹ سے فیری کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے ۔بندرگاہوں کے رابطوں سے پاکستان کی قطرکوبرآمدات میں73فیصد اضافہ ہوگا۔قطرکی جانب سے 1لاکھ پاکستانیوں کوروزگارکے مواقع فراہم کرنے پرشکرگزارہیں۔