ویلنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں ) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اسلام قبول کرنے کی دعوت دینے والے مسلم نوجوان کو کہا کہ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور میرا خیال ہے میں نے وہی کیا ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے حسن سلوک، ہمدردانہ رویے اور ذمہ دارانہ برتاؤ سے دنیا کے دل جیت لینے والی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے ایک مسلمان نوجوان نے ملاقات کی اور مسلمانوں کی دلجوئی پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے کی دعوت دی۔مسلمان نوجوان کی خواہش پر کیوی وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے نوجوان کا کندھا تھپتھپایا اور جواب دیا کہ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور میرا خیال ہے میں نے اسی پر عمل کیا۔ نوجوان نے کہا آپ نے جس طرح زخم خوردہ مسلمانوں کی دلجوئی کی اور ان کا خیال رکھا، یہ دنیا کے دیگر قائدین کیلئے نمونہ عمل ہونا چاہیے ۔ میری خواہش ہے مسلم دنیا میں آپ جیسا لیڈر ہو، اسلئے میں آپ کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔ نوجوان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو دعوت اسلام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے قمیض شلوار میں ملبوس جیسنڈا آرڈن نے سر پر دوپٹہ لیا ہوا ہے اور نوجوان کی بات کو بغور سن رہی ہیں۔ دریں اثنا وزیراعظم نیوزی لینڈ نے جمعہ کوکرائسٹ چرچ میں قومی دعائیہ تقریب کرانے کااعلان کردیا۔قومی دعائیہ تقریب کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں صبح 10بجے ہوگی۔جیسنڈا آرڈرن کے مطابق قومی دعائیہ تقریب کرائسٹ چرچ سانحے کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کاایک اور موقع ہوگا۔دعائیہ تقریب سے بتائیں گے کہ نیوزی لینڈکے عوام ہمدرد اورمل جل کر رہنے والے لوگ ہیں۔علاوہ ازیں کرائسٹ چرچ میں مسجد النور کے سامنے ہیگلے پارک میں تعزیتی تقریب ہوئی جس میں مذہب، رنگ، نسل کی تفریق سے بالا چالیس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فرید احمد بھی موجود تھے جو ایک حادثے کی وجہ سے وہیل چیئر استعمال کرتے ہیں۔ سانحہ کرائسٹ چرچ میں فرید تو بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن ان کی اہلیہ شہید ہوگئی تھیں۔فریداحمد نے کہاوہ دکھ کی اس گھڑی میں ساتھ دینے پر اپنے ہمسائیوں کے شکرگزار ہیں۔ سڈنی کے سرکولر کوائے پر ایک تعزیتی تقریب ہوئی جس میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے قدیم قبیلوں کے باشندوں نے روایتی ہاکا رقص پیش کیا۔ نیوزی لینڈ میں سکارف کی مانگ بڑھ گئی ہے ۔مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے عیسائی خواتین بھی دعائیہ تقریبات میں سکارف اوڑ ھ کر شریک ہوتی ہیں ۔ نیوزی لینڈ میں عوام کا پولیس سے زیادہ آتشیں اسلحہ سے لیس ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔16 سال کی عمر میں لڑکا یا لڑکی اسلحہ رکھنے کا اہل ہے مگر اسے رجسٹرڈ کرانے کا پابند نہیں ۔ نیوزی لینڈ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام اسلحہ رجسٹرڈ کرانا ضروری کیا جائے ۔اے ایف پی کے مطابق نیو زی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے متاثرین کیلئے عوام کی جانب سے 74 لاکھ ڈالر جمع کر لئے گئے ۔ مساجد پر دہشتگرد حملے کے بعد متاثرہ خاندانوں کیلئے فنڈز کی اپیل کی گئی تھی اور اس مقصد کیلئے ایک ویب سائٹ بنائی گئی، ویب سائٹ پر 91 ہزار افراد نے عطیہ کیا۔