اسلام آباد(لیڈی رپورٹر، آن لائن) ملک بھر سے بیسک کمیونٹی سکولز کے اساتذہ نے ڈی چو ک کو ’’تعلیمی چوک‘‘ میں تبدیل کردیا ۔اساتذہ نے مرکزی رہنما مظاھر حسین، عبدالرحمنٰ چانڈیو اور دیگر کی رہنمائی میں 20 سال سے مستقل نہ ہونے اور 10 ماھ سے تنخواہ نہ ملنے کے خلاف ڈی چوک پر دھرنا دیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم کے زیر انتظام چلنے والے بیسک کمیونٹی سکولز کے اساتذہ تنخواہیں نہ ملنے کے باعث گزشتہ دو روز سے ڈی چوک پر دھرنا دیئے ہوئے ہیں ۔ بدھ کو ٹیچرز نے بچوں کو ڈی چوک پر ہی پڑھانا شروع کردیا اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق انہیں ریگولر کرے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے دسمبر2018ء میں وعدہ کیا تھامگر تاحال وفاقی حکومت اپنے وعدے پر عملدرآمد نہیں کرسکی ،جب تک مستقل نہیں کیا جائیگا، دھرنا جاری رہیگا۔دھرنے میں پورے ملک سے بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔