اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 میں خواجہ سرا ؤں کے امیدوار نے پولنگ ڈے پر منفرد انداز اپنایا اور ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد ملازمت پر چلا گیا۔ ندیم کشش نے موٹر سائیکل پر بیٹھ کر مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اور بعد ازاں اپنا ووٹ کاسٹ کر کے ریڈیو پاکستان پروگرام کرنے چلا گیا۔ندیم کشش نے بتایا کہ میں نے اپنی انتخابی مہم بھی موٹرسائیکل پر چلائی کیونکہ میرے پاس دیگر امیدواروں کی طرح کوئی لینڈ کروزر اور دیگر لگژری گاڑیاں نہیں ہیں، اپنے وسائل میں رہ کر خواجہ سراؤں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتا رہوں گا اور الیکشن والے دن محنت مزدوری کر کے میں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ملک کو لوٹنے کے بجائے محنت کر کے اس کی ترقی کیلئے کام کریں۔ ندیم کشش نے مزید کہا خواجہ سراؤں کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ووٹ کا حق ملا ہے اور انتخابات میں حصہ لینے پر عوام نے اچھی پذیرائی کی ہے ۔