اسلام آباد(خبر نگار)سپریم کورٹ نے بنی گالہ میں تجاوزات کے بارے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی اور سیوریج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کے بارے سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے پیشرفت کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت23جولائی تک ملتوی کر دی ۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی تو سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی طرف سے رپورٹس جمع کرائی گئیں ۔ رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات بہت زیادہ ہیں، میٹرپولیٹن کارپوریشن اپریل سے سی ڈی اے کو چٹھیاں لکھ رہی ہے مگرجواب نہیں دیا جارہا، چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد کو پیش ہوکر جواب دینا چاہیے کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا کیا کیا جس پر سی ڈی اے کے وکیل نے بتایا کہ سیوریج اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کیلئے سائٹس منتخب کر لی ہیں جبکہ فضلے کی تلفی اور ڈمپنگ سائٹس کیلئے بھی زمین کا انتخاب کر لیا ہے ۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا اگر سائیٹس کا انتخاب ہوگیا ہے تو ایم سی آئی کے حوالے کر دیں،اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور ماسٹر پلان کی خلاف ورزی بہت زیادہ ہے ، ماسٹر پلان پر نظر ثانی ہو تو ممکن ہے غیر قانونی تعمیرات کا کچھ حصہ ریگولرائز ہوجائے ۔ڈی جی ماحولیات نے بتایا کہ سی ڈی اے زوننگ ریگولیشنز میں ترمیم کافیصلہ چند روزہو جائے گا، کچی آبادیوں، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی منتقلی کے حوالے سے بھی فیصلے کیے جائیں گے ۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ کورنگ نالے کو آلودہ کرنے والوں کو جرمانہ کیا جائے گا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ نالوں میں گندگی روکنے کیلئے سزا اور جرمانے کے علاوہ بھی کام کرنے کی ضرورت ہے ، لوگوں کو شعور دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔عدالت عظمی نے بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے قومی ماحولیاتی کمیشن سے حتمی رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ کمیشن آلودگی پر قابو پانے کیلئے روایتی طریقوں کی بحالی کے بارے بھی تجاویز دے ۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی تو ماحولیاتی کمیشن نے عبوری رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی، عدالت نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ماحولیاتی کمیشن نے اچھا کام کیا۔جسٹس عمر عطاء بندیال نے بڑھتی آلودگی پر تشویش کااظہار کیا ، پولیتھن بیگز نے ماحول کے حوالے سے بڑے مسائل پیدا کردیئے ہیں۔ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ ماحولیاتی کمیشن کا آئندہ اجلاس 25 جولائی کو ہو گا جس میں حتمی سفارشات مرتب کی جائیں گی جس پر عدالت نے سماعت اگست تک ملتوی کردی۔سپریم کورٹ نے نجی بینک کے آپریشن منیجر امان اﷲ کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے ملزم کی بقایا سزا ختم کردی جبکہ90لاکھ جرمانہ کی سزا برقرار رکھی۔ ٹرائل کورٹ نے 2011میں ملزم امان اﷲ کو 14 سال قید اور 90 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔امان اﷲ پر اکائونٹ ہولڈر کو بتائے بغیراسکے اکائونٹ سے 90لاکھ نکالنے کا الزام تھا، چیف جسٹس کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی تو ملزم کے وکیل نے کہا کہ امان اﷲ نے برانچ منیجر کے کہنے پر رقم نکالی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ اگر وہ کہتا کہ قتل کر دو تو آپ کر دیتے ؟۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی اپیل جزوی طور پر منظور کر لی اورقرار دیاکہ ملزم8،9سال قید کاٹ چکا اسلئے بقیہ قید ختم کی جاتی ہے تاہم جرمانہ اداکرنا ہوگا۔