اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر طور پر فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن (پی اے بی اے ) کے درمیان باہمی تعاون کا ایک معاہدہ طے پایا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیمبر کے صدر محمد احمد وحید اور پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن کے صدر صدیق شیخ نے باہمی تعاون کے سمجھوتے پردستخط کئے ۔معاہدے کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن کامرس، صنعت و تجا ر ت ، زراعت، تعلیم، بزنس انفارمیشن، ہاسپٹیلٹی و سیاحت ، درآمدات و برآمدات، انفراسٹریکچر، سرمایہ کاری، جیولری و ہینڈی کرافٹس، ماربل، فارماسوٹیکلز، پیشہ وارانہ و تکنیکی سروسز، رئیل اسٹیٹ، ریٹیل، ایس ایم ایز، ٹیکسیشن، ٹرانسپورٹ و توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلیکام سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے اپنی متعلقہ حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔