اسلام آباد(وقائع نگار) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ اس سے مشکلات کا شکار عوام کو کچھ ریلیف ملے گا، کاروباری طبقہ توقع کر رہا تھا کہ سٹیٹ بینک موجودہ مشکل حالات میں شرح سود میں خاطر خواہ کمی کرے گا لیکن صرف 1.5 فیصد کمی کی گئی ہے ، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شرح سود کو کم کرکے پانچ فیصد تک لایا جائے تاکہ تاجروصنعتکار برادری کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی بحرانی صورتحال سے نمٹ سکے اور کاروباری حالات بہتر ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے اقتصادی پیکیج پر اپنا ردعمل میں کیا۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس ایم ایز سمیت کاروبار ی طبقے کیلئے موجودہ مشکل حالات میں اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند ہے اور اس کی تفصیلات سامنے آنے پر صیح موقف دیا جا سکے گا تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت بجلی و گیس کے کمرشل و صنعتی بلوں میں بھی مناسب کمی کرے اور قسطوں میں ان کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرے ۔