اسلام آباد ،لاہور،کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ،لیڈی رپورٹر،نامہ نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔درخواست گزار کے مطابق دونوں رہنمائوں نے کوٹ مومن اور پنجاب ہائوس میں عدلیہ مخالف بیانات دیئے ،دونوں عدلیہ کیخلاف نفرت پھیلا رہے ہیں ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بینچ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوط کر لیا۔دریں اثنا اسلام آباد سے لیڈی رپورٹر کے مطابق فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب اپیل کو سماعت کے لئے مقرر کر دیا گیا ہے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی آج سماعت کریں گے ۔مزید براں لاہور سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے راناثنااﷲ کے داماد کی قتل کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے بارے فیصلہ محفوظ کرلیا لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔علاوہ ازیں کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں نامزد خورشید شاہ کی بیویوں، بیٹوں ،صوبائی وزیر اویس شاہ اور فرنٹ مینوں کی عبوری ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کردی جبکہ خورشید شاہ کی بیویوں کو عارضی طور پر حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔