اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے چیمبر کے صدر محمد احمد وحید کی قیادت میں سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد سے ملاقات کی۔سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ ہمایوں اختر، ڈائریکٹر بی سی ایس فیصل نعیم اور ڈائریکٹر پلاننگ شیخ اعجاز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد نے اس موقع پر چیمبر کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں ترامیم کیلئے حکومت نے ایک کمیشن بنایا تھا جس کی سفارشات کی وفاقی کابینہ نے بھی منظوری دے دی ہے تاہم ابھی نوٹیفیکیشن ہونا باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اطلاق سے قبل سروے کرانا ضروری ہے جس کیلئے کنسلٹنٹ مقرر کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے تمام قوانین کو کتابی شکل دی جا رہی ہے جس سے ان کی بورڈ سے منظوری لینا ضروری نہیں ہو گی اور اس سے افسران کے اختیارات میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ زوننگ قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ آئندہ اسلام آباد میں ہائی رائز بلڈنگ کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج اور دیگر مسائل کا سروے کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے ماسٹر پلان میں انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے گی اور لیز کی تجدید کے عمل کو آسان بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹیز نے جن سہولیات کا وعدہ کیا تھا ان پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے گا جبکہ پرائیویٹ پراپرٹی میں تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سالہ منصوبہ میں اسلام آباد میں پانچ مختلف روٹس پر ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی جبکہ کشمیر ہائی وے پر چار انڈر پاس بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اسلام آباد کے نئے ماسٹر پلان پر تحفظات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے کے نئے انتظامی ڈھانچے میں آئی سی سی آئی کو مستقل نمائندگی دی جائے جس سے تاجر برادری کے مسائل کو حل کرانے میں سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے مطالبے کو پورا کیا جائے اور انڈسٹری و کمرشل پلاٹوں کی لیز کی تجدید کے عمل کو آسان و سہل بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے ۔