اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر ) عالمی مالیاتی اداروں کے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار رکر دیا،اس سلسلے میں اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کا ذیلی ادارہ آئی ٹی ایف سی پاکستان کو تیل اور ایل این جی کی درآمد کیلئے 55کروڑ10لاکھ ڈالر کا قرضہ دے گا ۔اس حوالے سے اقتصادی امورڈویژن اور آئی ٹی ایف سی کے مابین پیر کو معاہدے پر دستخط ہوئے ، اس موقع پر مشیرا مور خزانہ عبدالحفیظ شیخ بھی موجودتھے ، معاہدے کے تحت پاکستان سٹیٹ آئل ، پاک عرب ریفائنری اور پاکستان ایل این جی لمٹیڈقرضہ کی یہ سہولت استعمال کریں گے ، یہ قرضہ ایک سال کی تیل اور ایل این جی درآمد کیلئے استعمال ہوگا، آئی ٹی ایف سی نے پاکستان کو سال 2019کیلئے ایک ارب 30کروڑ ڈالر قرضہ فراہم کرنے سے اتفاق کیا تھا جس میں سے 55کروڑ10لاکھ ڈالر کا معاہد ہ کیا گیا ۔دریں اثنا مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ سے پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچا موتھو الینگووان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے رواں مالی سال کے اختتام سے قبل پاکستان کیلئے عالمی بینک کی فنانسنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے پاکستان میں چینی سفیرنے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر مشیرخزانہ نے کہاکہ چینی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی ،پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ساز گار ماحول ہے ،چینی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے فائدہ اٹھائیں ۔چینی سفیر یائو جنگ نے پاکستانی حکومت کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چائنیز سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔