اسلام آباد،پشاور(وقائع نگار،92نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتائج سامنے آ رہے ہیں،اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 3 سال پرانی سطح پرآگئی ہیں۔ گزشتہ روزوفاقی وزیراسدعمرنے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین ماہ میں پہلی مرتبہ قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں 5 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ادھر پلوسئی پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو گزشتہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت بدحال پاکستان ملا تھا ،ہماری قیادت نے وقتی طور پر سخت فیصلے کرکے ملک ترقی کی طرف گامزن کردیاہے ۔ ملی معیشت جلد بہتر ہو جائے گی ۔ عوام نے گھبرانا نہیں، سخت وقت گزرنے والا ہے تقریباً5 سے 6 ماہ میں مہنگائی پر قابوپالیں گے ۔ جون تک صوبے کے تمام شہریوں کو صحت انصاف کارڈ جاری کردیئے جائیں گے ،جس مقصد کیلئے وزیراعلیٰ بنا ہوں وہ پورا کرکے دکھاؤں گا ۔