لاہور (سٹاف رپورٹر)تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے دعویداروں نے راولپنڈی کے ایک نمایاں مقام پر آویزاں ایک ایسے بل بورڈ کو برداشت نہ کرتے ہوئے اکھاڑ دیا جس میں قرآن کی ایک آیت کی صورت میں اﷲ کا ایک واضح حکم درج تھا ۔ اس اشتہارکے درپردہ نہ کسی کے سیاسی عزائم تھے اور نہ ہی مذہبی فرقہ واریت کا اس میں کوئی شائبہ تھا ‘بلکہ قرآن پاک کی اس آیت کہ: (ترجمہ) ’’ یاد رکھو جو لوگ چاہتے ہیں کہ ایمان والوں میں بے حیائی پھیلے ان کے لیے دنیا اور آخرت میں دردناک عذاب ہے ۔‘‘ کی روشنی میں مسلمانوں کو بے پردگی اور بے حیائی سے بچنے کی دعوت دیتے ہوئے ایک اہم معاشرتی پہلو کی طرف توجہ دلائی گئی تھی کہ ہمیں اشتہارات میں خواتین کی تصاویر استعمال نہیں کرنی چاہیں ۔ہم سمجھتے ہیں کہ ایسے اقدامات ہائبرڈ وار فیئر کا حصہ ہیں جن کا مقصد اسلامی معاشرے کو تباہی سے دوچار کرنا ہے ۔ ہم ایسے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ امیر تنظیم اسلامی نے آزاد کشمیر میں برفباری اور برفانی تودوں کے گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔