اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ریاست پاکستان کیخلاف نعرہ بازی کر کے جہادی ترانوں سے لوگوں کے جذبات بھڑکانے اور اجتماع کرنے کے الزام میں سابق خطیب لال مسجد مولانا عبد العزیز سمیت 7افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ نمبر 138میں کہا گیا کہ پولیس لال مسجد کے قریب ڈیوٹی پر موجود تھی کہ مولانا عبد العزیز نے لال مسجد میں نماز جمعہ باجماعت پڑھانے کا اعلان کر دیا اور لائوڈ سپیکر پر جہادی ترانے ، نعرے بازی شروع کر دی۔ مولانا عبد العزیز کودفعہ144کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے احکامات سے آگاہ کیا گیا کہ موجودہ حالات میں کورونا وائرس کی وجہ سے نماز جمعہ کا اجتماع نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے مگر مولانا عبد العزیز، ام حسان، ہارون الرشید، مولانا یعقوب، عمران بلوچ، اسماعیل بلوچ اور عبد الستار و دیگر نے نعرہ بازی سے 400کے قریب لوگوں کے جذبات کو بھڑکانا شروع کر دیا۔ مولانا عبد العزیز نے تقریر شروع کر دی۔ مولانا عبد العزیز اور اسکے دیگر ساتھیوں نے ریاست کے خلاف تقریر کی اور اشتعال انگیز نعرے بازی کی ، ڈپٹی کمشنر کے احکامات کو پس پشت ڈالا، سب انسپکٹر تراب الحسن کی طرف سے دئیے گئے استغاثہ پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔